چودھری نثار نے چُپ کا روزہ توڑ دیا



راولپنڈی( 24نیوز )مسلم لیگ ن کے ناراض رہنماءاور سابق وزیر داخلہ چودھری نثار طویل عرصے بعد سیاسی منظر پر نمودار ہوگئے،آتے ہی پی ٹی آئی حکومت پر برس پڑے۔

انہوں نے راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک اپوزیشن کے بغیر نہیں چل سکتا،احتساب پر نہیں طریقہ کار پر اختلاف ہے،میرے حلقے میں مجھے ووٹ پڑے لیکن گنے نہیں گئے،تحفظات دور نہ کیے گئے تو یہ احتساب انتقام ہوگا۔

انہوں نے کہا ہے کہ حکومت بھارت سے مذاکرات کیلئے منتیں ترلے کررہی ہے جو ہماری غیرت کے منافی ہے،ملک کے حالات دیکھ کر کچھ نہ بولنا بہتر ہے، ملک اس وقت شدید بحران میں ہے،کوئی ملک سیاسی استحکام کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا،حکومت اپوزیشن کے تحفظات دور کرے۔

انہوں نے کہا ہے کہ مودی حکومت پاکستان سے اچھے تعلقات نہیں چاہتی،مذاکرات کی بات کرنا اور منتیں کرنا پاکستان کے مفاد میں نہیں، یہ بات ہماری قومی غیرت کے منافی ہے،یواے ای ،سعودی عرب اور چین کی امداد وقتی ہے،قرضہ لے کر ملک میں ترقی کہاں ہوئی ہے، پائوں اتنے ہی پھیلانے چاہیے جتنی چادر ہو، مسلم لیگ ن کو مشورہ دیا تھا عدلیہ اور فوج کیخلاف نہ بولیں، اگروہ میرے مشورے پر عمل کرتے تو آج ن لیگ کی حکومت ہوتی، اقتدار کا پجاری نہیں،جماجنج نال والی سیاست نہیں کرتا۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer