رواں برس پاک فوج کی اہم کامیابیاں ۔۔۔

رواں برس پاک فوج کی اہم کامیابیاں ۔۔۔


اسلام آباد ( 24 نیوز ) رواں برس بھارتی فوج نے ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر فائر بندی معاہدے کی سنگین خلاف ورزیاں کیں، پاک فوج نےبھارت کو منہ توڑ جواب دیا اور کئی چیک پوسٹیں تباہ کیں،ردالفساد کے تحت ملک بھر میں آپریشن بھی جاری رہے۔ 

2018میں بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری پر 2933 بار فائر بندی کی خلاف ورزیاں کیں جس میں 55 شہری شہید اور300 ذخمی ہوئے، پاک فوج نے ان خلاف ورزیوں کا منہ توڑ جواب دیا اور کئی بھارتی پوسٹیں تباہ کیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے رواں برس 18 ممالک کے دورے کیے جن میں سری لنکا، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، قطر، جرمنی، اومان، برونائی،ملائشیا، مالدیپ، روس، ازبکستان، پولینڈ، چین، اردن، برطانیہ، اٹلی، مصر اورافغانستان شامل ہیں،آرمی چیف نے افغانستان کے 3 دورے کیے، اس سفارتکاری میں افغان امن عمل اور دیگر متعلقہ تنازعات کے حوالے پاکستانی موقف کو واضع کیا گیا۔

بلوچستان میں عوامی بہبود کے ترقیاتی منصوبے تکمیل پاچکے اورچند پر کام تیزرفتاری سے جاری ہے، منصوبوں میں گوادر پانی کو صاف بنانے، تربت سے بولیدا تک سڑک، کیڈٹ کالج آواران،نسٹ کیمپس کوئٹہ،  کیڈٹ کالج کوئٹہ جیسے منصوبے سرفہرست ہیں۔ فاٹا انضمام کے بعد خیبرپختونخوا کا حصہ بننے والے اضلاع میں بھی ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ کچھ منصوبے مکمل ہوچکے ہیں، شمالی وزیر ستان کے رہائشی اب قومی شناختی کارڈ دکھا کراپنے علاقوں میں جاسکیں گے جبکہ پاک فوج ردالفساد کے تحت ملک کو ناجائز اسلحے سے پاک کرنے کے لیے کومبنگ آپریشنزجاری رکھے گی۔