پیپلزپارٹی نے وزیراعظم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ کردیا

پیپلزپارٹی نے وزیراعظم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ کردیا


کراچی( 24نیوز ) پیپلزپارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابرنے وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کو خط لکھا ہے جس میں انھوں نے وزیراعظم کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ( ای سی ایل ) میں ڈالنے کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے ای سی ایل کا جواب ای سی ایل سے ہی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پیپلزپارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر کی جانب سے وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کولکھے گئےخط میں وزیراعظم عمران خان سمیت حکومتی وزرا اوراہم رہنماؤں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

فرحت اللہ بابر نے اپنے خط میں کہا ہے کہ کئی وزرا اور رہنماؤں کےخلاف کرپشن کے الزامات کی تحقیقات ہورہی ہیں، جن وزرا اور پارٹی رہنماؤں کے خلاف تحقیقات ہورہی ہیں ان کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں۔

خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان، پرویز خٹک، فہمیدہ مرزا، خالد مقبول صدیقی اور زبیدہ جلال کے نام بھی ای سی ایل میں ڈالے جائیں ۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، سینئر وزیر عاطف خان، پنجاب کے سینئر وزیر علیم خان اور جہانگیر ترین پربھی بیرون ملک جانے پرپابندی لگائی جائے۔خط میں کہا گیا ہےکہ صرف پیپلز پارٹی رہنماؤں کے نام ای سی ایل میں ڈالنا سیاسی انتقام ہے، جے آئی ٹی کے تحت اگرنام ای سی ایل میں ڈالنے ہیں تو اصول سب کیلئے برابرہونا چاہیئے۔

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔