پنجاب فوڈ اتھارٹی کا بڑا اقدام، انرجی ڈرنکس کیخلاف حکمت عملی تیار کرلی



لاہور ( 24نیوز ) یکم جنوری سے انرجی ڈرنک کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی نے حکمت عملی تیار کرلی، لفظ انرجی استعمال کرنے والی تمام مشروبات ضائع کردی جائیں گی، ڈی جی فوڈ نے لاہور سمیت صوبہ بھر کی تمام آپریشن ٹیموں کو ہدایات جاری کر دیں۔

پنجاب فوڈاتھارٹی کا ایک اور بڑا اقدام،مشروبات بنانےوالی تمام کمپنیوں کی مصنوعات پر انرجی ڈرنک کا لفظ استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی اور ہدایت دی ہے کہ یکم جنوری 2019سےڈرنک تیار کرنے والی کمپنیاں اپنی مصنوعات پر انرجی کا لفظ تحریر نہیں کر سکیں گی۔

پی ایف اے کی ہدایات میں یہ بھی کہا گیا کہ فلیور ڈرنک تیار کرنے والی کمپنیاں مصنوعات پر تحریر کریں گی کہ 12 سال سے کم عمر کے بچوں اور حاملہ خواتین کے لیے یہ ڈرنکس استعمال کرنا منع ہے۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی نےاپنی تمام آپریشنل ٹیموں کو مراسلے جاری کردیئے ہیں اور ہدایت کی ہے کہ ڈرنکنگ مصنوعات پر انرجی کا لفظ استعمال کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی جائے جبکہ چیکنگ کےدوران تمام مشروبات کو ضائع کر دیا جائے، پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مذکورہ ڈرنکس انرجی کے زمرے میں نہیں آتے، کمپنیاں انرجی کا لفظ استعمال کر کے عوام کو بے وقوف بنا رہی ہیں۔

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔