شدید سردی ، دھند، حادثات میں مزدورجاں بحق 'متعدد افراد زخمی


لاہور(24نیوز)پنجاب سمیت ملک کے بیشتر علاقے شدید سردی اور دھند کی لپیٹ میں رہے، شدید دھند کے باعث پیش آنے والے حادثات کئی افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں رات گئے سے صبح تک اندھا دھند، دھند چھائی رہی، پنجاب کے علاقے عارف والا، کھاریاں، میانوالی، حجرہ شاہ مقیم سمیت بیشتر علاقے شدید دھندکی لپیٹ میں رہے، دھند کے باعث بعض علاقوں میں حد نگاہ صفر تک جا پہنچی، موٹر وے کئی مقامات پر ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی۔
شدید دھند کی وجہ سے ڈجکوٹ میں ڈمپر مسافر وین سے ٹکرا گیا، حادثے میں 20افراد زخمی ہو گئے۔۔زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا،نارووال میں نیو لاہور روڈ کے قریب یونیورسٹی آف گجرات کی بس کی کیری ڈبے سے ٹکراگئی، حادثے میں دو خاتون ٹیچرز اور کیری ڈبے کا ڈرائیور شدید زخمی ہو گئے۔
کامونکے میں تیز رفتار ڈالے نے فیکڑی مزدوروں کو کچل دیا، محمد ایوب نامی مزدور موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، رفیق کو تشویشناک حالت اسپتال گوجرانوالہ منتقل کردیا گیا۔
میانوالی میں کالاباغ روڈ پر پائی خیل کے قریب کوچ اور ٹرالر میں تصادم ہوگیا، حادثے میں عارف خان اور سخی جان زخمی ہوگئے، زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا،خانیوال کے علاقے کچی پکی کے نزدیک کیری ڈبہ اور ٹریکٹر میں تصادم ہوگیا، حادثے میں دو افراد شدید زخمی ہوگئے، جنہیں اسپتال منتقل کردیاگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے، پنجاب کے میدانی علاقے بدستور دھند کی لپیٹ میں رہیں گے۔