چینی درآمدات میں اضافے سے پاکستان کا تجارتی خسارہ بڑھنے لگا


اسلام آباد(24نیوز) سی پیک منصوبہ مکمل ہونے کے بعد پاکستان کو فائدہ تو ہوگا، لیکن منصوبے کے باعث چینی درآمدات بڑھنے سے پاکستان کا چین کے ساتھ تجارتی خسارہ 90 فیصد بڑھ گیا۔

تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران پاکستان اور چین کی باہمی تجارت میں پاکستان کو 4 ارب 70 کروڑ ڈالر کے تجارتی خسارے کا سامنا رہا۔جو مجموعی تجارتی خسارے کا حجم 33 فیصد ہے۔ گزشتہ 3 سال کے دوران پاکستان کے مجموعی تجارتی خسارے میں تقریبا 55 فیصد کا اضافہ ہوا۔ جبکہ چین کے ساتھ تجارت کا خسارہ 90 فیصد بڑھ گیا۔اس عرصے میں چین سے پاکستان آنے والی درآمدات تو 51 فیصد تک بڑھ گئیں۔ لیکن چین کو برآمدات بڑھنے کی بجائے الٹا 30 فیصد کم ہو گئیں۔

واضح رہے کہ رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران چین سے 5 ارب 48 کروڑ 72 لاکھ ڈالر مالیت کی اشیا پاکستان درآمد کی گئیں۔ جبکہ چین کو برآمدات کا حجم صرف 78 کروڑ 68 لاکھ ڈالر رہا۔ وزارت خزانہ کے مطابق سی پیک منصوبوں کے لیے مشنری کی درآمد کے باعث چین کے ساتھ تجارتی خسارے میں اضافہ ہوا ہے۔