زینب قتل کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے: رانا ثناءاللہ


لاہور (24 نیوز) صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ ہر پاکستانی نے زینب اور باقی بچیوں سے زیادتی اور قتل کا درد محسوس کیا۔ زینب قتل کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے کہا کہ ہر پاکستانی نے زینب اور باقی بچیوں سے زیادتی اور قتل کا درد محسوس کیا۔ زینب قتل کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ ملزم عمران کے جعلی اکاؤنٹس کے معاملے کو بھی دیکھیں گے۔ اینکر پرسن سے خبر کے ذرائع پوچھے جائیں۔ قصور واقعے کا نوٹس عوام نے لیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ چند لوگ ہر روز قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس طرح کے لوگ شام سات بجے سے رات گیارہ بجے تک اپنے جھوٹ اور الزام تراشیوں سے قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ قوم کو ان کے جھوٹ کا نوٹس لیتے ہوئے ان سے پوچھنا چاہیے کہ آخر ان کے الزامات کا مقصد کیا ہے۔ انہی لوگوں نے زینب قتل کیس کے ملزم عمران کو بین الاقوامی گروہ کا رکن قرار دیتے ہوئے اس کے 37 بینک اکاؤنٹس کا شوشا چھوڑا۔ ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ نواز شریف عدلیہ پر نہیں ایک فیصلے پر تنقید کر رہے ہیں۔