عاصمہ کا قاتل مجاہد واردات کے بعد عمرہ کیلئے چلا گیا


کوہاٹ (24 نیوز) کوہاٹ میں رشتہ سے انکار پر شادی شدہ نوجوان نے فائرنگ کرکے میڈیکل کی طالبہ کو قتل کردیا، ملزم پی ٹی آئی کے ضلعی صدر کا بھتیجا ہے۔ پولیس نے کہا کہ ملزم مجاہد واردات کے بعد عمرہ کیلئے چلا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا میں بچیاں اور عورتیں غیر محفوظ، جنسی زیادتی اور قتل کے پے درپے واقعات، مثالی پولیس کے دعووں کی قلعی کھل گئی۔

کوہاٹ میں شادی شدہ شخص نے رشتے سے انکار پر میڈیکل کی طالبہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ عاصمہ ایبٹ آباد ڈینٹل کالج میں تھرڈ ایئر کی طالبہ تھی، لڑکی نے نزعی بیان میں مجاہد آفریدی نامی شخص پر الزام لگایا ہے۔

مبینہ ملزم مجاہد پی ٹی آئی کے ضلعی صدر آفتاب عالم کا بھتیجا ہے۔ مجاہد شادی شدہ اور دبئی میں کپڑے کا کام کرتا ہے، تحقیقات کیلئے ڈی پی او کی سربراہی میں جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی۔

مقتولہ کے والد کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف والے کہتے ہیں وہ انصاف کرتے ہیں، میری بیٹی کے قاتل تو گرفتار نہیں ہوئے۔ ملزمان کو بیرون ملک فرار ہونے سے روکنے کیلئے ایئرپورٹس پر اطلاعات دے دی گئی تھیں، مگر کوہاٹ پولیس نے اعتراف کیا ہے کہ ملزم مجاہد واردات کے بعد عمرہ کیلئے سعودی عرب چلا گیا ہے، دیگر ملزموں کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔