مشکلات میں گھرے فاروق ستار کو خوشخبری مل گئی


اسلام آباد( 24نیوز )مشکلات میں گھرے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کو خوشخبری مل گئی ہے،اب وہ گھر نہیں سیدھا پارٹی آفس جا کر کنوینئر شپ سنبھالیں گے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے فاروق ستارکوپارٹی کنوینئرسے ہٹانے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کردیا ، ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن اورخالدمقبول صدیقی سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیے،اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامرفاروق نے ایم کیوایم پاکستان کی کنوینرشپ سے ہٹانے کے فیصلے کے خلاف فاروق ستارکی درخواست پر سماعت کی ، فاروق ستارکی جانب سے ایڈووکیٹ بابرستارپیش ہوئے ، جنہوں نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کوکالعدم قراردینے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ کنوینئرشپ کا معاملہ الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیارمیں نہیں آتا اورقانونی تقاضے بھی پورے نہیں کیے۔

 یہ بھی ضرور پڑھیئے:ایم کیو ایم کی ایک اور پتنگ آج کٹ جائے گی
جسٹس عامرفاروق نے استفسارکیا کہ کیا حکم امتناع جاری کرنے سے پارٹی کے اندرونی اختلافات بڑھ جائیں گے؟ جس پرایڈووکیٹ بابرستارنے پارٹی معاملات میں کشیدگی نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی ۔
فاروق ستار کے وکیل نے دلائل دیئے کہ الیکشن کمیشن میں ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار کے نام سے رجسٹرڈ پارٹی ہے،کوئی دوسرا بندہ پارٹی کی سربراہی کا دعوی کرے تو الیکشن کمیشن کو اس پر سماعت کا اختیار نہیں-
 اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے فریقین کو11 اپریل کیلئے جواب طلبی کا نوٹس جاری کردیے ، درخواست میں الیکشن کمیشن، کنورنوید جمیل اور خالد مقبول صدیقی کوفریق بنایا گیا ہے۔

اظہر تھراج

صحافی اور کالم نگار ہیں،مختلف اخبارات ،ٹی وی چینلز میں کام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں