کوئٹہ، وزیراعظم عمران خان نے میگا منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا

کوئٹہ، وزیراعظم عمران خان نے میگا منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا


 کوئٹہ(24 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں پاک فوج اور بلوچستان حکومت جوائنٹ وینچر کے تحت میگا منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا، منصوبوں میں جدید کارڈیک سنٹر اور کوئٹہ ژوب روڈ شامل ہیں.

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم عمران خان کوئٹہ پہنچے جہاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان کا استقبال کیا، وزیراعظم نے کوئٹہ میں پاک فوج اوربلوچستان حکومت جوائنٹ وینچر کے تحت میگا منصوبوں جدید کارڈیک سنٹر اور کوئٹہ ژوب روڈ کا کا سنگ بنیاد رکھا،بلوچستان ہیلتھ کمپلیکس خوشحال بلوچستان پروگرام کا حصہ ہے جس کو یو اے ای نے اسپانسر کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان ہیلتھ کمپلیکس سے مقامی آبادی کو صحت کی بہترین سہولتیں فراہم ہوںگی،کارڈیک اسپتال میں جدید آپریشن تھیٹرز، ایکواور نیوکلیئر کارڈیو سہولیات دستیاب ہوںگی، کارڈیک اسپتال میں بائیومیڈیکل ورکشاپ اور ویسٹ مینجمنٹ پلانٹ بھی تعمیر ہوگا۔

آئی ایس پی آرکے مطابق این 50 موٹر وے کوئٹہ اورژوب کوملائے گی،شاہراہ کچلاک، مسلم باغ اور قلعہ سیف اللہ سے گزرے گی،جس سےکوئٹہ سےڈی آئی خان کا سفر12 کےبجائے 4 گھنٹے میں طے ہوگا جبکہ خیبر پختونخوا سے اشیاء کی سمندر تک تیز رفتار ترسیل ممکن ہوگی اور مقامی کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ تا ژوب سڑک گوادر تک سی پیک مغربی روٹ کا حصہ ہے،این 50 مغربی سرحد کے ساتھ ساتھ ذیلی علاقائی کو ریڈور بھی ہوگا جو افغانستان،ایران کو پاکستان سے ملاتے ہوئے سی پیک مغربی روٹ تک رسائی دے گا۔