کراچی سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں سورج کی تپش نے لوگوں کے ہوش اڑا دیئے

کراچی سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں سورج کی تپش نے لوگوں کے ہوش اڑا دیئے


اسلام آباد(24نیوز) ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک ہے، سندھ، پنجاب، ڈی آئی خان، سبی، مکران  میں سورج آگ برسا رہا ہے۔

سورج کی تپش اور لو کے باعث شہریوں کا برا حال ہوگیاہے۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت 50،سکھر 49، حیدر آباد 46، کراچی، ملتان، فیصل آباد کا 45، لاہور 44، پشاور کا درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

شہر قائد میں بھی سورج جم کر تپش برسا رہا ہے، شہر میں گرمی کی دوسری شدید لہر نے ڈیرے ڈال دیئے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج درجہ حرارت 43 سے چوالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 26 فیصد ، جبکہ ہوائیں 29 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔محکمہ موسمیات نے شہر باسیوں کو خبر دار کیا ہے کہ سخت گرمی کی یہ لہر 31 مئی تک جاری رہے گی ،جس کے بعد درجہ حرارت معمول پر آجائے گا۔

 کڑاکے کی گرمی پڑ نے سے شہریوں نے نہروں اور سویمنگ پول کا رخ کر لیا۔ ٹھنڈے ٹھنڈے پانی میں ڈوبکیاں لگانے والوں کا کہنا تھا کہ گرمی کی شدت سے بچنے کا یہ ہی حل ہے۔ سوئمنگ پول پر کوئی تراکی کے مزے لے رہا ہے تو کوئی سالائڈز سے نیچے پانی میں گر رہا ہے جبکہ پول میں لگے ٹیوب ویل کے آگے سے کو ئی ہٹنے کا نام ہی نہیں لے رہا۔ ٹھنڈے پانی میں نہانے والے ان نوجوانوں کا کہنا تھا کہ گھر میں لوڈشیڈنگ ستا رہی تھی اور باہر لو کے تھپڑے ستا رہے ہیں۔ 

 

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔