دنیا کرکٹ کا عالمی میلہ:پاکستان کتنے پانی میں ہے؟

دنیا کرکٹ کا عالمی میلہ:پاکستان کتنے پانی میں ہے؟


لندن(24نیوز)دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ کل سے انگلینڈ میں سجنے جارہا ہے جس کا باقاعدہ آغاز میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان میچ سے ہوگا۔2019 کا ورلڈ کپ پہلا میگا ایونٹ ہے جس میں تمام ٹیمیں سیمی فائنل سے قبل ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی،پوائنٹ ٹیبل کی چاربہترین ٹیمیں سیمی فائنل تک رسائی پائٰیں گی، پاکستان اب تک کھیلے گئے تمام 11ورلڈ کپ کھیلنے والی ٹیموں میں شامل ہے۔

پاکستان نے اب تک کھیلے گئے میگاایونٹس میں 71 میچز کھیلے ہیں جن میں 40میں کامیابی ملی،29 میں شکست کا سامنا کرناپڑا جبکہ دو کا نتیجہ نہ نکل سکا۔

1975 اور1979 کے ورلڈ کپ قومی ٹیم نے آصف اقبال کی قیادت میں کھیلے،1975 میں ٹیم گروپ اسٹیج میں ہی ہمت ہار گئی جبکہ 1979 میں ٹیم نے سیمی فائنل تک رسائی پائی ۔

1983 سے 1992 تک قومی ٹیم عمران خان کی قیادت میں میگا ایونٹس میں شریک ہوئی،1983 اور1987 کے ایونٹس میں قومی ٹیم سیمی فائنلز تک پہنچی جبکہ 1992 میں پاکستان کرکٹ کا عالمی چیمپئن بنا۔

1996 اور1999 کے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی باگ ڈوروسیم اکرم نے سنبھالی،،1996 میں قومی ٹیم کوارٹرفائنل تک پہنچی جبکہ 1999 کے ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا سے ہارکرپاکستان رنر اپ رہا۔

وقار یونس نے 2003 اورانضمام الحق نے 2007 کے ورلڈ کپ میں کپتانی کے فرائض انجام دیے،دونوں میگا ایونٹس میں پاکستان گروپ اسٹیج سے آگے نہ بڑھ سکا۔

2011کا ورلڈ کپ پاکستان نے بوم بوم شاہد آفریدی کی قیادت میں کھیلا اورٹیم سیمی فائنل تک رسائی پانے میں کامیاب رہی۔2015 کے میگا ایونٹ میں پاکستان کی قیادت مصباح الحق نے کی اورپاکستان ٹیم کوارٹر فائنل میں پہنچ کر ہمت ہار گئی۔اب 2019 کا ورلڈ کپ پاکستان سرفرازاحمد کی قیادت میں کھیل رہا ہے،،سرفرازاحمد پاکستان کو چیمپئن ٹرافی کا تحفہ دے چکے ہیں ۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer