نیب کی حدیبیہ پیپرز ملز کیس دوبارہ کھولنے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست


اسلام آباد (24 نیوز): حدیبیہ پیپرز ملز کیس دوبارہ کھولنے کے لیے نیب نے سپریم کورٹ میں نئی درخواست دائر کر دی۔

تفصیلات کے مطابق حدیبیہ پیپرز ملز کیس دوبارہ کھولنے کے لیے نیب کی جانب سے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل عمران الحق نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی، درخواست میں عدالتی حکم کے تین سال بعد اپیل دائر کرنے کا جواز پیش کیا گیا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف حدیبیہ پیپرز ملز کیس میں اپیل دائر کرنے پر اثر انداز ہوئے، ہائیکورٹ کی غلطی یا ججز کی غیر سنجیدگی کے باعث کیس کو تکنیکی بنیادوں پر اڑایا نہیں جا سکتا، کیس کی دوبارہ تحقیقات کی استدعا مسترد کرنا انصاف کو جھٹلانے کے مترادف ہو گا۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت عظمیٰ اپیل میں تاخیر کو نظر انداز کر کے کیس دوبارہ کھولنے کی اجازت دے۔