مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات، 6 افراد جاں بحق ، درجنوں زخمی


گجرات (24 نیوز): ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والے ٹریفک حادثات میں 2 بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سب سے بڑا خوفناک ٹریفک حادثہ گجرات میں پیش آیا، جہاں تیز رفتار کار نے سڑک کنارے کھڑے 12 افراد کو کچل ڈالا، بے قابو گاڑی کی زد میں آکر 2 افراد جاں بحق، 10 زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق زخمی افراد کو عزیز بھٹی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ہسپتال ذرائع کے مطابق 3 زخمی افراد کی حالت تشویشناک ہے، دولت نگر پولیس کے مطابق کار کے ڈرائیور نے شراب پی رکھی تھی۔

دوسری جانب جی ٹی روڈ پر مرید کے قریب لاہور جانے والی مسافر وین دیوار سے ٹکرا گئی، حادثے میں 2 بچے جاں بحق اور 13 مسافر شدید زخمی ہوئےجبکہ

 سندھ کے علاقے مٹیاری میں نیشنل ہائی وے پر کھنڈو کے قریب شہدادپور سے حیدرآباد جانے والی کار، ٹرالر سے ٹکرا گئی، حادثے میں 2 افراد کی جان کی بازی ہار گئے، 6 زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لئے ہسپتال داخل کرا دیا گیا، پولیس کے مطابق جان بحق افراد کا تعلق چانڈیہ برادری سے ہے۔