لاکھوں دلوں پر راج کرنے والے فواد خان آج 36 برس کے ہوگئے


 (ویب ڈیسک): لاکھوں دلوں پر راج کرنے والے پاکستان کے سپر اسٹار فواد خان آج 36 برس کے ہوگئے۔

 

فواد خان کو ملٹی ٹیلنٹڈ اسٹار کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا، انہوں نے 2003 میں موسیقی کی دنیا میں قدم رکھا اور پھر 2007 میں پاکستانی فلم 'خدا کے لیے' میں اداکاری کے بہترین جوہر دکھائے۔ 2010 میں فواد خان نے اپنے کیریئر کا پہلا ٹی وی سیریل 'داستان' کیا، جسے خوب پذیرائی ملی، بعد ازاں 2011 میں انہوں نے ڈرامہ سیریل 'ہمسفر' کیا جس سے ان کے کیریئر کو نیا عروج ملا، اس کے بعد فواد نے ایک اور سپرہٹ ڈرامہ 'زندگی گلزار ہے' کیا اور اپنی کامیابی کا لوہا منوالیا۔

 

فواد خان کا ڈرامہ 'ہمسفر' نہ صرف پاکستان میں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا بلکہ سرحد پار بھارت میں بھی اسے خوب مقبولیت حاصل ہوئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے فواد خان نے اپنے منفرد اسٹائل اور بہترین اداکاری کے ذریعے تمام مداحوں کے دلوں میں گھر کرلیا۔ فواد خان پاکستان کے وہ کامیاب اداکار ہیں جنہوں نے بالی وڈ میں بھی کامیاب اور سپرہٹ فلمیں دیں جن میں فلم 'خوبصورت'، 'کپور اینڈ سنز' اور' اے دل ہے مشکل' شامل ہیں۔ فلم فیئر ایوارڈ 2015 فواد خان بطور بہترین ڈیبیو اداکار ثابت ہوئے۔ علاوہ ازیں فواد خان نے بھارت میں متعدد ایوارڈز بھی اپنے نام کیے، جن میں 2015 میں بہترین ڈیبیو اداکار کا فلم فیئر ایوارڈ بھی شامل ہے۔

 

فواد خان وہ اداکار ہیں جو لالی وڈ سے لے کر بالی وڈ تک اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں اور پاکستان سمیت سرحد پار کے مداح بھی ان کی ایک جھلک کے دیوانے ہیں۔