سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت

سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت


لاہور(24نیوز):سیشن عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ایس ایچ او ماڈل ٹاؤن سے چار دسمبر کو رپورٹ طلب کر لی۔

ایڈیشنل سیشن جج فیاض احمد بٹر نے پاکستان تحریک انصاف کی رہنما تزیلہ عمران کی درخواست پر سماعت کی درخواست گزار کے وکیل سلیم چوہدری ایڈووکیٹ نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ نواز شریف نے ایبٹ آباد جلسے میں عدلیہ مخالف تقاریر کی تھیں،سابق وزیر اعظم نواز شریف نے تقریر میں عوام کو ملکی اداروں کے خلاف اکسانے کی کوشش کی تھی،تھانہ ماڈل ٹاؤن میں سابق وزیر اعظم کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست دے رکھی ہے مگر پولیس کی جانب سے درخواست پر کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔

عدالت کی جانب سے آج ایس ایچ او ماڈل ٹائون سے رپورٹ طلب کی گئی تھی مگر ایس ایچ او ماڈل ٹاؤن نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف اندارج مقدمہ کی رپورٹ پیش نہیں کی ہے۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت پولیس کو نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔ عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد ایس ایچ او ماڈل ٹائون کو چار دسمبر کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔