جشن آمد رسولﷺ کے حوالے سے پورے ملک میں بھرپور تیاریاں جاری


 لاہور (24 نیوز): جشن آمد رسول کے حوالے سے پورے ملک میں بھرپور تیاریاں جاری ہیں، لاہوریوں نے بھی ولادت رسول کا دن جوش و خروش سے منانے کے لیے مارکیٹوں کا رخ کر لیا ہے۔

 

ربیع الاول کا مہینہ، ہر سو سبز ہلالی پرچموں کی بھرمار، آمد رسول کا جشن بھرپور طریقے سے منانے کے لیے لاہوریوں نے اردو بازار کا رخ کر لیا، عید میلادالنبی ﷺکی بھرپور تیاری کی جارہی ہے، بازار میں تل دھرنے کی جگہ نہیں ملتی اور نور عجم سے والہانہ محبت کا یہ انداز۔

 

کہیں نعلین مبارک کی تشبیہات اور کہیں ٹوپیاں، بیجز، سجاوٹی جھالریں اور پاک مقامات کے ماڈلز، کہیں بچے اکیلے اور کہیں والدین کے ساتھ خریداری کرنے پہنچ گئے۔

 

عید میلاد النبیﷺ کے قریب آتے ہی مختلف مقامات پر عارضی دکانیں قائم کر دی گئی ہیں جہاں جگنو، برقی قمقمے اور ایل ای ڈی لائٹس فروخت کی جارہی ہیں۔

 

آقائے کائنات کا میلاد آتے ہی چاروں طرف نور چھا جاتا ہے اور عاشقان رسول اپنا گھر بار سجا کر آپﷺ سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہیں۔