ایپکا ملازمین کی جانب سے مطالبات کی منظوری کے لیے قلم چھوڑ ہڑتال


لاہور(24نیوز):ایپکا کی تمام سرکاری محکموں میں قلم چھوڑ ہڑتال ، شہر میں مختلف مقامات پر مطالبات کی منظوری کے لیے احتجاجی مظاہرے، ٹریفک جام ۔ایپکا پنجاب نے مطالبات کی منظوری کے لیے شہر کے پانچ مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے، جس کے باعث ٹریفک بری طرح متاثر ہوئی۔

ایپکا ملازمین کی جانب سے تمام سرکاری محکموں میں قلم چھوڑ ہڑتال کی گئی، صدر ایپکا پنجاب حاجی ارشاد کا کہنا ہے کہ بیوروکریسی صرف سیکرٹریٹ کی چار دیواری میں بیٹھے ملازمین کو نواز رہی ہے جو کہ ہر گز قبول نہیں۔ایپکا کی جانب سے ڈیوس روڈ ، قائد اعظم لائبریری ، جناح ہسپتال اور ٹھوکر پر مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے جس میں ایپکا ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

صدر ایپکا لاہور ڈویژن لالہ اسلم کا کہنا ہے کہ مطالبات منظور نہ ہوئے تو 13 دسمبر کو سیون کلب کے باہر ڈے نائٹ دھرنا دیا جائیگا۔ایپکا کے احتجاجی مظاہروں کے باعث محکمانہ کام بری طرح متاثر ہوئے۔ ایپکا ملازمین کی جانب سے وقتا فوقتاً کیے جانے والے احتجاجی مظاہروں کے باعث جہاں محکمانہ کام متاثر ہو رہے ہیں وہیں ٹریفک جام کے مسائل سے بھی شہری پریشان ہیں۔