اسلام آباد سیکٹر آئی ایٹ میں امام بارگاہ پرفائرنگ، 1 نمازی شہید، 4 زخمی

اسلام آباد سیکٹر آئی ایٹ میں امام بارگاہ پرفائرنگ، 1 نمازی شہید، 4 زخمی


 اسلام آباد (24 نیوز): اسلام آباد سیکٹر آئی ایٹ میں امام بارگاہ پر فائرنگ ، ایک نمازی شہید، چار زخمی ہوگئے، ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔ فائرنگ کے واقعے کی ابتدائی رپورٹ بھی وزیرداخلہ کو پیش کردی گئی۔

 

اسلام آباد میں امن کے دشمن پھر متحرک ہوگئے، امن دشمنوں نے سیکٹر آئی ایٹ تھری میں امام بارگاہ باب العلم میں نمازیوں کو اس وقت نشانہ بنایا، جب وہ نماز مغربین پڑھ کر باہر نکل رہے تھے۔ 24 نیوز کو حاصل سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گیٹ پر گھات لگائے ملزمان امام بارگاہ سے باہر نکلتے نمازیوں پر فائرنگ کررہے ہیں۔

 

پولیس کے مطابق دو مسلح موٹر سائیکل سوار آئے، سٹرک کے بالمقابل موٹر سائیکل کھڑی کی اور امام بارگاہ کے مین گیٹ پر گھات لگا کر نمازیوں کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ سے ایک نمازی شہید جبکہ چار زخمی ہوگئے۔ فائرنگ سے زخمی 3 افراد کو پمزہسپتال جبکہ ایک کو شفاء ہسپتال شفٹ کر دیا گیا ہے۔ زخمیوں سے ایک کی حالت تشوشناک ہے۔

 

پولیس کے مطابق ملزمان نے رپیٹر اور بارہ بور پستول سے 16 گولیاں فائر کیں، پولیس نے امام بارگاہ اور قریبی سیف سٹی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔