اسد عمر کاکیلکولیٹرخراب

اسد عمر کاکیلکولیٹرخراب


اسلام آباد ( 24 نیوز ) وزیر خزانہ اسد عمر  کا  شائد  کیلکولیٹرخراب ہے،  100 دن کی کارکردگی بتاتے ہوئے بیرونی خسارے میں تقریبا 5 فیصد کمی کو 50 فیصد کمی بنا دیا۔ ایل پی جی کو بھی سستا کرنے کا کریڈٹ لے لیا جو گزشتہ سال سے 10 فیصد مہنگی بک رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسد عمر نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب  کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ گزشتہ سال اوسطاً ماہانہ بیرونی خسارہ 2 ارب ڈالر تک پہنچ گیا تھا جبکہ  تین ماہ میں اس خسارے کو اوسطاً 1 ارب ڈالر ماہانہ پر لے آئے ہیں۔دوسری جانب اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کی کہانی کافی مختلف ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران بیرونی خسارہ اوسطاً 1 ارب 27 کروڑ ڈالر ماہانہ تھا جبکہ رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کا اوسطاً ماہانہ بیرونی خسارہ 1 ارب 21 کروڑ ڈالر رہا جو گزشتہ سال سے صرف 4.7 فیصد کم ہے۔

دوسری جانب اسد عمر نے ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 4 سو روپے تک کم ہونے کا بھی دعوی کیا جبکہ پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق مارکیٹ میں اس وقت ایل پی جی کا 11 کلو کا گھریلو سلنڈر 1378 کا بک رہا ہے جبکہ  گزشتہ سال نومبر میں اس کی قیمت 1254 روپے تھی۔