عمران خان بتائیں کس نے این آر او مانگا؟

عمران خان بتائیں کس نے این آر او مانگا؟


اسلام آباد(24نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ عمران خان بتائیں تو سہی کہ کس نے این آر او مانگا اور کس نے درخواست دی؟  شہباز شریف کے خلاف آشیانہ سے کچھ نہیں نکلا تو آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس بنایا جا رہا ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نے احتساب عدالت سے واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سے این آر او کس نے مانگا ہے؟ ہماری جماعت کے کسی فرد نے این آر او کے لیے رابطہ نہیں کیا ، ہمت ہے تو اس فرد کا نام لیں۔

 نوازشریف نے مولانا فضل الرحمان سے گزشتہ روز ہونے والی ملاقات کی تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ وہ  فضل الرحمان کا بڑا احترام کرتے ہیں، ان سے متعلق احساسات اور جذبات اپنی جگہ پر ہیں، ان سے ہونے والی بات میڈیا کے سامنے نہیں کرنا چاہتا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نواز شریف سے مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی تھی جس میں فضل الرحمان نے آصف زرداری کی طرف سے یہ پیغام دیا تھا کہ اپوزیشن مل کر حکومت کیخلاف احتجاج کریگی لیکن نواز شریف نے آصف زرداری کی اس دعوت کا انکار کردیاتھا لیکن آج اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور آصف زرداری کی قومی اسمبلی اجلاس میں ایک ساتھ آمد نے کئی سوالات جنم دے دیئے ہیں کہ کیا واقعی پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن میں کوئی اختلاف ہے یا معاملہ کچھ اور ہے۔

وقار نیازی(Waqar Niazi)

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔