پاکستان میں دل کے کتنے مریض ہیں؟


کراچی ( 24نیوز ) پاکستان سمیت دنیا بھر میں دل کے امراض سے  بچاﺅکا دن منایا جا رہا ہے، پاکستان میں ہر5 واں شخص دل کے عارضہ میں مبتلا ہے،ملک بھر میں دل کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ تیس لاکھ سے زائد ہے۔
آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں دل کے امراض سے آگہی کا دن منایا جا رہا ہے،کراچی میں دل کے امراض کے عالمی دن موقع پر سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد عوام میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔
دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہر پانچواں شخص دل کے کسی نہ کسی عارضہ میں مبتلا ہے۔ایک محتاط اندازے کے مطابق پاکستان میں ہر سال دو لاکھ افراد دل کے امراض کے باعث ہلاک ہوجاتے ہیں، پاکستان میں دل کی مختلف بیماریوں میں مبتلا افراد کی تعداد ایک کروڑ تیس لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے، سینے، کمر یا گردن کے درد کو معمولی نہ سمجھا جائے، یہ درد دل کے امراض کی علامات میں سے ایک ہیں۔
ماہرین نے دل کے امراض کی سب سے بڑی وجہ تمباکو نوشی کو قرار دیا ہے، جبکہ ان کا کہنا ہے کہ صحت مند غذا، جسمانی سرگرمیوں اور باقاعدہ ورزش سے دل کے امراض سے بچاجاسکتا ہے۔