پاکستان نے بھارت کو اقوام عالم کے سامنے ننگا کردیا


نیویارک( 24نیوز ) پاکستان نے مسئلہ کشمیر ایک بار پھر عالمی سطح پر اٹھادیا، وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری سے ملاقات کی، جس میں مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کا مطالبہ کیا، وزیرخارجہ آ ج جنرل اسمبلی سے خطاب بھی کریں گے۔

پاکستان نے کشمیر کا مقدمہ ایک بار پھر عالمی سطح پر پیش کردیا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئترس سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل سے کشمیر کے مسئلے پر اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں پرعمل درآمد کرانے کا مطالبہ کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سیکرٹری جنرل کومقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر بریفنگ دی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے کردار اور مظالم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر حل کروائیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے۔

وزیر خارجہ نے نئی دہلی کی جانب سے جاری ہونے جنگجوانہ بیانات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ بھارت کو پاکستان کیخلاف کسی بھی مس ایڈونچر کی طرف بڑھنے سے روکے، انہوں نے بتایا کہ پاکستان مسائل کے حل کے لیے بھارت سے بامعنی مذاکرات چاہتا ہے لیکن بھارت مذاکرات سے آنکھیں چرا رہا ہے۔

جنرل اسمبلی اجلاس کی سائیڈ لائن پر شاہ محمود قریشی نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاروف اور مصر کے وزیرخارجہ سامح شکری سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر خارجہ نے دونوں رہنماو¿ں کے ساتھ خطے کی علاقائی صورتحال پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے ساتھ تجارت سرمایہ کاری، دفاع اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی آج جنرل اسمبلی کے اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔ اپنے خطاب میں وہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں سے عالمی رہنماو¿ں کو آگاہ کریں گے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے پردہ اٹھائیں گے۔ شاہ محمود قریشی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں افغان اور فلسطینی امن عمل جب کہ فلسطینی تنازعہ پر بھی پاکستان کا مو¿قف پیش کریں گے۔