حکومت کا زرمبادلہ میں اضافے کیلئےنئی سرمایہ کاری پالیسی لانے کا فیصلہ


اسلام آباد ( 24 نیوز ) پی ٹی آئی حکومت نے نئی سرمایہ کاری پالیسی تیار کرنا شروع کردی ہے،اس ضمن میں بورڈ آف انوسٹمنٹ اور وزیر تجارت کی ذمہ داری لگا دی گئی ہے کہ جلد نئی سرمایہ کاری پالیسی پیش کریں۔

 تفصٰلات کے مطابق حکام کا یہ کہنا ہے کہ اس سے پہلے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو کھلی چھوٹ دی گئی تھی وہ جس سیکٹر میں چاہے سرمایہ کاری کر سکتے تھے لیکن اب حکومت پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بتائے گی کہ کون کون سے سیکٹر میں وہ سرمایہ کاری کر سکتے ہیں، ساتھ ہی ہر سیکٹر کیلئے الگ الگ ٹیکس مراعات کا اعلان کیا جائے گا۔

یاد رہے اس سے پہلے اوپن سرمایہ کاری پالیسی تھی، سرمایہ کاروں کی سہولت اور مرضی کے مطابق وہ جس سیکٹر یا انڈسٹری میں چاہتے سرمایہ کاری کر سکتے تھے، لیکن اب ایسا نہیں ہو گاحکومت پاکستان اپنی درامدات کی ضروریات کے مطابق ان کو بتائے گی کہ پاکستان کو کون سی انڈسٹری کی ضرورت ہے جس کے مطابق وہ اپنی انڈسٹری لگا سکیں گے۔

وزارت تجارت کا یہ کہنا ہے کہ اس پالیسی کو لانے کا مقصد یہ ہے کہ پاکستان کی جو بڑھتی ہوئی درامدات ہیں ان کو کسی طرح کم کیا جا سکے تاکہ پاکستان کے زرمبادلہ میں اضافہ کیا جا سکے۔