عوامی تحریک کی آل پارٹیز کانفرنس آج ہو گی، دھرنے کا اعلان متوقع


لاہور (24 نیوز) سانحہ ماڈل ٹاؤن پرڈاکٹرطاہرالقادری کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیزکانفرنس آج صوبائی دارالحکومت میں ہونے جارہی ہے۔ سیاسی اور مذہبی جماعتوں کےسربراہان اپنے وفود کے ہمراہ اے پی سی میں شریک ہوں گے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن پردھرنے کا اعلان بھی متوقع ہے۔

تفصیلات کے مطابق آج پاکستانی سیاست کا مرکز ماڈل ٹاؤن ہوگا۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر ڈاکٹر طاہرالقادری کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس آج ہونے جا رہی ہے۔ سیاسی اور مذہبی جماعتوں کےسربراہان وفود کے ہمراہ شرکت کریں گے۔۔

سابق صدر آصف علی زرداری، خورشید شاہ اور قمر زمان کائرہ کے ہمراہ شریک ہوں گے۔ ایم کیو ایم پاکستان سے ڈاکٹر فاروق ستار، عامرخان اور کامران ٹیسوری شامل ہوں گے۔ پاک سرزمین پارٹی سے مصطفیٰ کمال، وسیم آفتاب اور ڈاکٹر صغیر احمد شرکت کریں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کے وفد کی قیادت شاہ محمود قریشی کریں گے۔

جماعت اسلامی، مسلم لیگ ق، مجلس وحدت المسلمین، سنی اتحاد کونسل سمیت دیگر مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین کی سربراہی میں وفود بھی شرکت کریں گے۔

آل پارٹیز کانفرنس میں وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیرقانون کے استعفوں پر دباؤ بڑھانے کے لیے سیاسی، قانونی راستوں اور احتجاج کے آپشنز پرغور کیا جائے گا۔ کانفرنس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔