خواجہ نظام الدین عرس، بھارت نے پاکستانی زائرین کو ویزے نہ دیئے


لاہور (24 نیوز) بھارت کی ہٹ دھرمی کا ایک اور روپ، پاکستانی زائرین کو خواجہ نظام الدین اولیا کے سالانہ عرس میں شرکت سے روک دیا، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت نے زائرین کو ویزے جاری کرنے سے انکار کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق خواجہ نظام الدین اولیا کا عرس یکم سے آٹھ جنوری تک دہلی میں ہونا ہے، بھارت نے اس موقع پر بھی روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر ڈالا، پاکستانی زائرین کو ویزے جاری کرنے سے انکار کر دیا۔ پاکستان نے بھارتی اقدام پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت کا ویزے جاری کرنے سے انکار 1974 کے مذہبی سیاحت کے باہمی پروٹوکول کی خلاف ورزی ہے۔ قبل ازیں گرو ارجن دیو اور مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی پر پاکستان کی خصوصی ٹرین کی پیشکش پر بھی بھارت نے جواب دینے میں تاخیر کی۔

ترجمان کے مطابق بھارتی جواب میں تاخیر سے ہزاروں سکھ یاتری پاکستان آنے سے محروم رہے۔ ترجمان نے کہا کہ ایسے اقدامات باہمی معاہدوں کے ساتھ مذہبی حقوق کی خلاف ورزی بھی ہے۔ بھارت کی عوامی سطح پر رابطوں پر قدغن معمول بن گیا ہے۔