پی ٹی آئی کا عوامی تحریک کی اے پی سی، تحریک قصاص کی حمایت کا اعلان

پی ٹی آئی کا عوامی تحریک کی اے پی سی، تحریک قصاص کی حمایت کا اعلان


اسلام آباد (24 نیوز) پاکستان تحریک انصاف کا پارٹی سربراہ عمران خان کی زیر صدارت بنی گالا میں اہم مشاورتی اجلاس، عوامی تحریک کی کل جماعتی کانفرنس اورتحریک قصاص کی مکمل حمایت جبکہ شریف برادران کی سعودی عرب روانگی کے محرکات پر بھی غور۔

تفصیلات کے مطابق ن لیگ کی قیادت کے محاسبہ کے لیے لاہور میں کل جماعتی کانفرنس ہوئی تو اسلام آباد بنی گالا میں پی ٹی آئی کی اہم بیٹھک کا اہتمام کیا گیا۔ عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں شریف برادران کی سعودی عرب میں سیاسی سرگرمیوں پر بھی غور کیا گیا۔

اعلامیہ میں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ شریف برادران احتساب سے راہ فرار کی کوشش کر رہے ہیں۔ سعودی عرب سمیت انہیں کہیں بھی این آر او نہیں ملے گا۔ قوم کی لوٹی گئی دولت واپس لوٹانے کے علاوہ شریفوں کے پاس کوئی چارہ نہیں۔

مزید برآں کہا گیا کہ اسحق ڈار شریفوں کی کرپشن کی ایکسٹینشن ہیں۔ بطور فرنٹ مین اسحق ڈار نے ہر مالی جرم میں شریفوں کی معاونت کی۔

اجلاس میں ملکی معاشی صورتحال میں مسلسل ابتری پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ فاٹا کے پختونخوا میں انضمام کے عمل کو التواء میں ڈالنے پر بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔