ٹریفک حادثات، موٹروے سب انسپکٹر سمیت تین افراد جاں بحق


ملتان(24نیوز) صوبہ پنجاب کے ضلع لودھراں میں دھند کے باعث  مختلف حادثات میں موٹروے سب انسپکٹر سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق ملتان روڈ جواد کاٹن فیکٹری دھند کے باعث دوٹرک روڈ پر کھڑے ٹرالر سے ٹکرا گئے ، نتیجے میں دوافراد جاں بحق جبکہ تین ٹرک میں پھنس گئے،  دوسری  جانب جلہ ارائیں کے قریب بس الٹنے سےموٹر وے پولیس کاسب انسپکٹر سعید بس کی زد میں آکر جاں بحق اور  چوبیس مسافر زخمی  ہوگئے، ڈی ایس پی موٹر وے اللہ بخش کا کہنا تھا کہ پٹرولنگ افسر سعید خان قومی شاہراہ پر ایکسڈنٹ والی جگہ کو دھند میں محفوظ بنانے کے لیے ایمبر لا ئٹ لگا رہا تھا،پیچھے سے آنے والی بس نے پٹرول آفیسر کو ہٹ کیا، پٹرول آفسر سعید خان شدید زخمی ہوگئےجن کو ہسپتال شفٹ کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔

ڈی آئی جی احمد ارسلان ملک کا کہنا تھا کہ شہید پولیس افسرنہایت پیشہ ور ، دیانت دار اور بہادر پولیس افسر تھے، سب انسپکٹر سعید خان بھکرکا رہائشی اور موٹر وے بیٹ 19 میں تعینات تھا،شہید پولیس افسر کی نماز جنازہ بھکر میں ادا کی جائے گی، سوگواران میں شہید نے ایک سال کی بیٹی اور بیوہ کو چھوڑا ہے۔

 علاوہ ازیں خانیوال روڈ پر بھٹی ہوٹل کے قریب سات گاڑیوں میں ٹکر سے 9 افراد زخمی ہوئے، ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے، حادثہ دھند کی وجہ سے پیش آیا ۔