"بلاول بھٹو کی گرفتاری کیلئے دل اور گردہ چاہیے"



اسلام آباد(24نیوز)  پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ  نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی گرفتاری کے لیے دل اور گردہ چاہیے، بلاول بھٹو کی گرفتاری خطرناک کھیل ہو گا۔

تفصیلات  مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے  پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کا کہناتھا کہ بلاول بھٹو زرداری کی گرفتاری کے لیے دل اور گردہ چاہیے، ان کی گرفتاری خطرناک کھیل ہوگا، بلاول کی گرفتاری سے ملک افرا تفری کا شکار ہوگا، آئین ختم کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہو گی،انہوں نے کہا کہ گورنر راج کا نفاذ ملک کے لیے بہتر نہیں ہو گا،عمران خان عوامی مینڈیٹ سے نہیں آئےانہیں لایا گیا۔

صحافی نے سوال کیا کہ کیا حکومت بلاول بھٹو کو گرفتار کر سکتی ہے؟ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ بلاول کو گرفتار کرنا ممکن نہیں لیکن ان سے کچھ بعید بھی نہیں، سندھ میں گورنر راج لگانا ممکن نہیں،  آئین اور قانون میں کوئی گنجائش نہیں، مارشل لا کے ذریعے آئین ختم کر کے گورنر راج لگایا جا سکتا ہے،  آئین ختم کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہو گی۔

 خورشید شاہ  کا کہنا تھا کہ گورنر راج کا نفاذ ملک کے لیے بہتر نہیں ہو گا، آئین وفاق کی مضبوطی کی ضمانت ہے اور وفاق کو چھیڑا گیا تو پاکستان کی سالمیت کو خطرہ لاحق ہو گا، سندھ میں ان ہاؤس تبدیلی کی ضرورت نہیں اور مفروضوں پرکیسز بنائے گئے، ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ون پارٹی سسٹم بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

 خورشید شاہ  کاکہنا تھانظر آتا ہے جیسے سویلین مارشل لا لگانے کی کوشش ہو رہی ہے، اس قسم کی سیاست سے ایک پارٹی کو مضبوط اور باقیوں کو کمزور کیا جا رہا ہے،  سیاسی جماعتوں کو ایسے ختم کرنے میں کامیاب نہیں ہوں گے، اس کھیل کے اثرات کے ذمہ دار یہ لوگ ہوں گے، ایسے غیر قانونی اقدام سے یہ آئین اور قانون کے کٹہرے میں کھڑے ہوں گے۔

  پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماکا کہنا تھا کہ عمران خان عوامی مینڈیٹ کے ذریعے اقتدار میں نہیں آئے انہیں لایا گیا ان کو جیسے لایا گیا سب جانتے ہیں، عمران خان اپنی ناکامی چھپانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈوں سے بیلنس کرنے کی کوشش کر رہا ہے، عمران خان ملک میں بحران اور غیر  یقینی صورتحال پیدا کر رہا ہے سیاستدانوں کی گرفتاری کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔

سیاستدانوں سے جیلیں بھرنا پاکستان کے لیے اچھا نہیں ہے،عمران خان سے وہ کام کرائے جا رہے جو کوئی سیاستدان نہ کرتا، خورشید شاہ  کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان چاہتا ہے کہ اس سے اس کے وعدوں کے بارے میں کوئی سوال نہ کرے،  40 سال ملک میں آمریت رہی ان سے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔

 خورشید شاہ کا میڈیا سےگفتگو کرتے ہو ئے مزید کہنا تھا اسٹیبلشمنٹ کو سوچنا چاہیے کہ ملک کے ساتھ کیا ہو رہا ہے؟ آمروں نے 4 دریا بیچ دیے اورآج پانی کے مسائل کے سامنا ہے۔