احمد شہزاد ملتان کی بیٹنگ کے اہم سلطان ہوں گے


ملتان (24نیوز) پی ایس ایل تھری میں ملتان سلطانز مخالف ٹیموں پر حملہ آور ہونے کو تیار،احمد شہزاد پی ایس ایل تھری میں ملتان سلطانز کی بیٹنگ کا بوجھ اپنے کاندھوں پر اٹھانے کو تیار ہیں، ملتان سلطانز کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز وسیم اکرم کو احمد شہزاد سے بڑی توقعات ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل تھری میں ملتان سلطانز اپنی پہلی انٹری کے لئے بے تاب ہیں۔ پاکستانی اوپنر احمد شہزاد ملتان کی بیٹنگ میں ٹاپ آرڈر کے اہم سلطان ہوں گے۔ نومبر 1991 کو لاہور میں پیداہونے والے احمد شہزاد13 ٹیسٹ ،81ون ڈے انٹر نیشنل اور 55 ٹی ٹونٹی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں عمدہ بلے بازی کئے بعد احمد شہزاد فارم میں واپس آگئے ہیں۔ جس کے بعد توقع کی جارہی ہے کہ ابتدائی بلے باز پی ایس ایل تھری میں ملتان سلطانز کے لئے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کے پہلے 2 ایڈیشنز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے احمد شہزاد بین الاقوامی کرکٹ میں تینوں فارمیٹس میں سنچری اسکور کرنے والے پہلے پاکستانی بلے باز ہیں۔ ملتان سلطانز کے ڈائڑیکٹر کرکٹ آپریشنز وسیم اکرم کو یقین ہے کہ احمد شہزاد پی ایس ایل تھری میں عمدہ کارکردگی دکھائیں گے۔