پی ٹی آئی کا خواجہ آصف کیخلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا مطالبہ


 اسلام آباد(24نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے چیئر مین نیب سے خواجہ آصف کیخلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔ پی ٹی آئی کے رہنماعثمان ڈار کی جانب سے نیب کو خط لکھا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے چیئر مین نیب کو خط لکھا۔ خط پی ٹی آئی رہنماعثمان ڈار کی جانب سے لکھا گیا ، جس میں خواجہ آصف کیخلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ خواجہ آصف منی لانڈرنگ اورمالی جرائم میں ملوث ہیں، خواجہ آصف کے فارن اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے منتقل ہوئے، منی لانڈرنگ کےلئے اہلیہ کے فارن اکاونٹس بھی استعمال کئے گئے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے خط میں لکھا گیا کہ فارن اکاؤنٹس میں مشکوک بے نامی ٹرانزکشنزکی گئیں۔ غیر ملکی ہوٹلزاور مشکوک بینک اکاؤنٹس کا ریکارڈحاصل کر لیا ہے، کروڑوں روپے کی منتقلی کاریکارڈالیکشن کمیشن کے گوشواروں میں نہیں۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ خواجہ آصف غیر ملکی کمپنی میں ملازمت اوراقامہ تسلیم کر چکے، خط نواز شریف اور خواجہ آصف کے کیس میں مماثلت ہے۔

تحریک انصاف نے مطالبہ کیا ہے کہ نیب خواجہ آصف کےخلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا آغاز کرے۔ غیرملکی ہوٹلز، بینک اکاؤنٹس، بے نامی ٹرانزکشنز کے ثبوت دیں گے۔