عمران خان نے پاکپتن میں نوازشریف پر جو چلے کیے وہ سب بے اثر رہے:رانا ثناء


لاہور(24نیوز) وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ نے اپوزیشن کو چیلنج کردیا،ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو روک سکتے ہو تو روک لو آج استعفی دینے کا آخری دن ہے، عمران خان پاکپتن میں نوازشریف پر جو چلے کرتے رہے وہ سب بے اثر رہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ کبھی ایک دھرنا تو کبھی دھرنا ٹو ، کبھی ایک ڈیڈلائن توکبھی دوسری ڈیڈلائن،کبھی استعفوں کی دھمکی تو کبھی اسمبلیاں توڑنے کی دھمکی، جس نے استعفی دینا ہے آج دیدے، نوازشریف کو روکنا ہے تو روک کے دکھاو۔

 رانا ثنااللہ نے اپنے روایتی حریف عمران خان کو بھی حسب معمول آڑے ہاتھوں لیا۔انہوں نے کہا کہ قصور اور کراچی تو سیاست کے لیے پہنچ گئے لیکن کوہاٹ اور مردان نہیں گئے جہاں انکے اپنے پارٹی رہنماوں نے بچیوں کو سرعام قتل کیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلے چلے والی نے خود کو تباہ کیا اور پھر عمران خان کو راندہ درگاہ کردیا۔

 صوبائی وزیرقانون نے اپنے حریف ڈاکٹر طاہر القادری کی تعریف کرتے ہوئےکہا کہ طاہر القادری باخبر آدمی ہیں انہوں نے حالات کو بھانپتے ہوئے احتجاجی سیاست کو موخر کردیا ہے۔