پنجاب فوڈ اتھارٹی دیسی گھی کی پہچان کیلئے سرگرم


لاہور (24 نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی دیسی گھی کی پہچان کے لیے سرگرم، معروف برانڈز کے دیسی گھی ملاوٹ زدہ نکلے۔ پی سی ایس آئی آر لیبارٹری سے کرائے گئے تجزیے میں حلیب، اچھا اور حنین دیسی گھی فیل ہوگئے۔

شہریوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق خوراک کے حصول کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی سرگرم ہے۔ شہر بھر کی مارکیٹس سے دیسی گھی کے نمونے حاصل کیے گئے۔ یہ نمونے نومبر اور دسمبر میں ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے ٹیم کے ہمراہ خود جمع کیے تھے۔ مارکیٹ میں فروخت ہونے والے 30 سے زائد کمپنیوں کے نمونے لیبارٹری بھجوائے گئے۔ لیبارٹری نے تیس میں سے سولہ دیسی گھی کی رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق شہر کے چند معروف برانڈز کے دیسی گھی اصلی نہیں ہیں۔

فوڈ اتھارٹی افسران کے مطابق متعلقہ کمپنیوں کو نوٹسز جاری کیے جارہے ہیں تاکہ وہ مارکیٹس سے تمام سٹاک اٹھا کر اپنا معیار بہتر کریں، ورنہ پنجاب فوڈ اتھارٹی ان کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کردے گی۔