گوالمنڈی میں فائرنگ سے 6 طالبعلم زخمی، میو ہسپتال منتقل


لاہور(24 نیوز): لاہور کے علاقے  گوالمنڈی میں معمولی تلخ کلامی پر ایک گروہ نے دوسرے پر فائرنگ کردی، گولیاں لگنے سے 6 طالبعلم شدید زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کیلئے میو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

 تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے گولمنڈی میں ایک گروہ کے چار ارکان نےمعمولی بات کو تنازع بنا کر محلے داروں پر فائرنگ کر دی۔ جس کے نتیجے میں محمد عابد، اصغر، عثمان، حمزہ، صادق اور لائق زخمی ہو گئے جبکہ فائرنگ کرنے والے تمام افراد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، حادثے کی اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور تمام زخمیوں کوطبی امداد کے لئے میو ہسپتال منتقل کر دیا۔

متاثرین کا کہنا ہےکہ فائرنگ کرنے والوں میں بالی، چاند، سیفی اور اسحاق شامل ہیں، انہوں نے علاقے میں اثرورسوخ قائم کرنے اور خوف وہراس پھیلانے کیلئے فائرنگ کی ہے۔

 پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے تمام لڑکے سکول و کالج کے طالبلعم ہیں، ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔