حکومت اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آجائے، پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ ضرور ہوگا: بلاول

حکومت اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آجائے، پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ ضرور ہوگا: بلاول


اسلام آباد (24 نیوز):  پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پریڈ گراؤنڈ میں پارٹی کے 50ویں یوم تاسیس کا جلسہ ضرور ہوگا اور حکومت اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آئے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سے جاری اپنے بیان میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پریڈ گراؤنڈ میں پارٹی کے شیڈول جلسے کی تیاریوں میں حکومت کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کرنے کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو اسلام آباد کی انتظامیہ نے پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کی باضابطہ اجازت دے رکھی ہے لیکن اس کے باوجود حکومتی ایما پر رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں۔ وفاقی دارالحکومت سے پیپلز پارٹی کے پرچم اور بینر اتارے جا رہے ہیں اور سرکاری ملازمین کو جان بوجھ کر پی پی کارکنوں سے الجھایا جا رہا ہے۔

بلاول بھٹو  نے کہا کہ جلسہ اور اس کی تشہیر کرنا ہمارا جمہوری حق ہے، کوئی یہ سمجھتا ہے کہ چند پولیس والوں کو بھیج کر جیالوں کو ڈرا دے گا تویہ اس کی بھول ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ہر عمل آئین، قانون اور جمہوری روایات کے دائرے میں ہے اور جب جیالوں سے جمہوری حق چھینا جاتا ہے تو پھر دمادم مست قلندر ہوتا ہے، پیپلز پارٹی 5 دسمبر کو پارٹی کی گولڈن جوبلی تقریبات منائے گی۔ کارکن حکومت کی جانب سے رکاوٹوں کے باوجود پریڈ گراؤنڈ جلسے کی تیاریاں تیز کر دیں۔