پاک امریکہ فاصلوں کو مذاکرات سے دور کیا جا سکتا ہے:پاکستان

پاک امریکہ فاصلوں کو مذاکرات سے دور کیا جا سکتا ہے:پاکستان


اسلام آباد(24 نیوز)ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاک امریکہ فاصلوں کو مذاکرات سے دور کیا جا سکتا ہے ، مقبوضہ کشمیر میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی تحقیقات ہونی چاہئے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ افغانستان کے حوالے سے پاکستان اور امریکہ کے موقف میں فاصلہ ہے جسے مذاکرات کے ذریعے ہی کم کیا جا سکتا ہے۔

کلبھوشن یادیو کے معاملے پر بھارت کا جواب موصول ہو گیا ہے ، بیوی سے ملاقات کے معاملے پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ مقبوضہ کشمیر میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق خبروں کی تحقیقات لازمی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ روز ممبئی حملہ کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئیں ، عدالت کوبتایا گیا بھارتی گواہوں کے بیانات نہ آنے سے تحقیقات آگے نہیں بڑھ رہیں۔

حافظ سعید کو ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا ، عدالت نے ہی رہا کیا ، نئی امریکی پالیسی کے بعد پاک امریکہ روابط میں کافی تیزی آئی۔

ترجمان نے کہا کہ جنرل نکلسن کے بیانات نئے نہیں ہیں ، ہم جنرل نکلسن کے بیانات سے پہلے ہی اختلاف کر چکے ہیں ، پاکستان نے اسلامی اتحاد کو تجربات سے فائدہ پہنچانے کی پیشکش کی ہے ، فوجی اتحاد کے وزرائے دفاع کے پہلے اجلاس میں اہم چیزیں زیر غور آئیں۔