نیلسن منڈیلا کے پوتے جشن عید میلاد النبیؐ منانے لاہور پہنچ گئے


لاہور (24 نیوز): سابق صدر جنوبی افریقا نیلسن منڈیلا کے پوتے جشن میلادالنبیﷺ میں شرکت کے لیے طاہر القادری کی دعوت پر لاہور پہنچ گئے، وہ لاہور میں تین دن تک قیام کریں گے اور اہم شخصیات سے ملاقات کریں گے۔

سابق صدر جنوبی افریقا نیلسن منڈیلا کے پوتے مانڈلا منڈیلا کے لاہور ائیر پورٹ پہنچنے پر منہاج القران کے اہم اراکین ناظم اعلی ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، خرم نواز گنڈاپور، اشتیاق حنیف مغل اور دیگرکارکنوں نے گل پاشی کے ذریعے پرتپاک استقبال کیا۔

لاہور ائیر پورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مانڈلا کا کہنا تھا کہ وہ لاہور میں جشن عید میلادالنبیﷺ منانے آئے ہیں۔اس کے دادا نیلسن کو پاکستان سے ہمیشہ سپورٹ رہی ہے۔

مانڈلا کا کہنا تھا کہ وہ امن کے حامی ہیں اور پاکستان میں امن کو فروغ دینے کے لیے آئے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ ان کے دادا نے افریقہ میں کچالیہ فیملی سے اسلام کو سیکھا تھا۔

خرم نواز گنڈا پور کا کہنا تھا کہ آج رات وہ مینار پاکستان میں جلسہ عام کریں گے جہاں طاہر القادری خطاب بھی کریں گے۔

ذرائع کے مطابق مانڈلا منڈیلا تین روز تک پاکستان میں قیام کریں گے ، اس دوران وہ اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔