رانا ثناء اللہ کا استعفیٰ زاہد حامد سے بھی زیادہ ضروری ہے: اشرف جلالی


 لاہور (24 نیوز): تحریک لبیک کا دھرنا چھٹے روز بھی جاری، اشرف آصف جلالی کہتے ہیں رانا ثناء اللہ کو استعفیٰ دینا ہی پڑیگا، علما کرام عید میلاد النبی کے جلوسوں میں قراردادیں منظور کرائیں۔

 

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ یہ وقت خاموش بیٹھنے کا نہیں ہے، جو علماء رانا ثناء اللہ کے استعفے کے معاملے پر خاموش بیٹھے ہیں وہ خاموشی توڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کے استعفے کا مطالبہ پوری قوم کا ہے، کل عید میلاد النبی کے جلوسوں میں بھی رانا ثناء اللہ کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا جائے گا۔

 

ڈاکٹر اشرف آصف جلالی کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ کا استعفیٰ زاہد حامد سے بھی زیادہ ضروری ہے، وزیرقانون کے خلاف آئین سے بغاوت کا مقدمہ بھی درج کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے میں ایک بندہ بھی کافی ہوتا ہے، حکومت تعداد دیکھ کر کمزوری نہ سمجھے۔

 

تحریک لبیک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ کم ازکم شہید ہونے والوں کی تعداد بتا دی جائے۔