پولیس،قانون نافذ کرنے والے ادارے اسٹریٹ کرائم کو روکنے میں ناکام


 کراچی (24نیوز): کراچی میں اسٹریٹ کرمنل کا راج برقرار ہے، گلبہار تھانے کی حدود ناظم آباد دو نمبر میں لٹیرے سرعام وارداتیں کرنے لگے، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج 24 نیوز نے حاصل کرلی۔

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شہر قائد میں اسٹریٹ کرائم کو روکنے میں ناکام ہوگئے۔ اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر کراچی کے ضلع وسطی میں لوٹ مار کی وارداتوں کا بازار گرم ہے۔ اب تو لٹیرے سر عام وارداتیں کرنے لگے ہیں۔ گلبہار تھانے کی حدود میں ناظم آباد نمبر دو میں ایسی ہی ایک واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج 24 نیوز نے حاصل کی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے دو موٹر سائیکلوں پر سوار ملزماں کار میں سوار ہونے والے افراد کو روکتے ہیں جس کے بعد شلوار قمیض میں ملبوس تین ملزم اسلحہ لہراتے ہوئے کار سوار سے لوٹ مار شروع کرتے ہیں۔

 فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گلی سے گذرنے والے موٹرسائیکل سوار شہری بھی ملزمان کے ہتھے چڑھ جاتا ہے، ملزمان کار اور موٹرسائیکل پر سوار شہریوں کو لوٹ کر با آسانی فرار ہوجاتے ہیں، سی سی ٹی وی میں ملزمان کے چہرے واضح ہیں لیکن پولیس پکڑنے میں ناکام ہے۔دوسری جانب بلدیہ ٹاؤں میں پولیس نے 12 ربیع الاوّل کے مرکزی جلوس کی گذرگاہوں اور اطراف کے علاقوں میں سرچ آپریشن کیا، جس کے دوران 50 سے زائد مشتبہ افراد کی تلاشی اور شناختی کوائف کی جانچ پڑتال کے بعد رہا کردیا گیا۔