نا اہلی کےبعد پہلی بار نواز شریف پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے



اسلام آباد(24نیوز) نواز شریف نا اہلی کے بعد پہلی بار پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے،  شہباز شریف سے ملاقات کی ، پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ بھی سابق وزیر اعظم سے ملے ،وہ آج پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کرینگے۔

 تفصیلات کے مطابق نواز شریف نا اہلی کے بعد پہلی بار پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے ، نوازشریف کا پارلیمنٹ ہاؤس میں مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے استقبال کیا ملاقات میں دونوں نے ایک دوسرے کو گلے لگایا، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف ان کو اپنے چیمبر میں لے گئے،نواز شریف نااہلی کے باوجود ن لیگی سینٹ اور قومی اسمبلی کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کی صدارت کرینگے جس پر اپوزیشن کی جانب سے سوال اٹھائے جا سکتے ہیں اٹھارویں ترمیم کے کے تحت پارٹی سربراہ اگر منتخب نہ بھی ہو تو پارلیمانی پارٹی کی صدارت کر سکتا ہے۔

اس ترمیم کے تحت نواز شریف نے ہی سب سے پہلے 2012 میں (ن) لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کی تھی،نواز شریف اسوقت 13 سال بعد پارلیمنٹ آئے تھے جبکہ بلاول بھٹو زرداری بھی منتخب ہونے سے پہلے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کر چکے ہیں،آئینی طور پر نواز شریف پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت نہیں کر سکتے کیونکہ وہ نہ تو پارٹی سربراہ ہیں اور نا ہی منتخب رکن ہیں جبکہ رانا ثناءاللہ نے نواز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس کا اعلان کر رکھاہے۔

قبل ازیں نوازشریف کی آمد پر پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر(ن) لیگ کے ارکان اسمبلی اور کارکنوں کی جانب سے ’شیرآیا شیرآیا‘ کے نعرے لگائے گئے ۔ اس موقع پر رش کی وجہ سے دھکم پیل بھی ہوئی۔

M.SAJID KHAN

CONTENT WRITER