شاہین کیویز کو دبوچنے کیلئے تیار

شاہین کیویز کو دبوچنے کیلئے تیار


ابوظہبی (24 نیوز)  پاکستان اورنیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا آغاز کل ہوگا،قومی ٹیم کامیابی کے لیے پرعزم ہے جبکہ شاہین ٹیٹوئنٹی کے کئی ریکارڈ اپنے نام کرنے کو بے تاب ہیں۔

شاہینوں کے پاس ٹی 20 کرکٹ کی تاریخ بدلنے کا ایک اور موقع، گرین شرٹس کیویز کو شکست دینے کے ساتھ  کئی نئے ریکارڈز  بھی  اپنے نام کرنے کو تیار ہے۔ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ 2271 رنز بنانے والے نیوزی لینڈ کے کھلاڑی مارٹن گپٹل اور 2153 رنز بنانے والے پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک میں ٹی 20 ٹاپ اسکورر کی جنگ ہوگی، انجری کے باعث مارٹن گپٹل سکواڈ میں شامل نہیں  ہیں، لہذا شعیب ملک کے پاس اس ریکارڈ پر قبضہ جمانے کا نادر موقع موجود ہے۔

2018 کے ٹی 20  ٹاپ اسکورر پاکستان کی شان فخر زمان ایک سال میں سب سے زیادہ رنز بنا کر ویرات کوہلی کے 641 رنز کا ریکارڈ توڑنے کو بے تاب ہیں،فخرزمان رواں سال ٹی 20 میں541 رنز بنا چکے ہیں جبکہ بابر اعظم ٹی 20 میں ہزار رنز مکمل کرنے والے تیزترین کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کرسکتے ہیں اور اس کے لیے انہیں 5 میچز میں 95 رنز کی ضرورت ہے۔فی الوقت یہ ریکارڈ بھی  ویرات کوہلی کے پاس ہے۔

دوسری جانب شاداب خان ایک سال میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی بن جائیں گے،اس کے لیے انہیں  ایک شکار درکار ہے،اس سے قبل یہ اعزاز سعید اجمل کو حاصل تھا،  جنہوں نے ایک سال میں 25 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دیکھایا تھا۔

علاوہ ازیں آج سیریز کی ٹرافی کیلئے تقریب رونمائی کر دی گئی ، دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ٹی 20 میچ  کل ابوظہبی میں کھیلا جائے گا،  جس کے بعد 2 اور 4 نومبر کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں دیگر میچز کھیلے جائیں گے