آصف علی زرداری کو خوشخبری مل گئی

آصف علی زرداری کو خوشخبری مل گئی


کراچی (24نیوز)سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی جعلی اکاؤنٹس کیس میں عبوری ضمانت منظور کرلی گئی، سماعت کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کے دوران صحافی نے سوال کیا آپ ہیلی کاپٹر میں نہیں آئے، آصف زردرای نے جواب دیا آپ کچھ دیر رکیں میں ہیلی کاپٹر میں واپس آتا ہوں ۔

 تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف زرداری کراچی کی بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے ۔ عدالت نے 20 لاکھ روپے کے عوض آصف علی زرداری کی عبوری ضمانت منظور کرلی ۔ بینکنگ کورٹ آمد کے موقع پر صحافی کی جانب سےسوال کیا گیا کہ آپ ہیلی کاپٹر میں نہیں آئے جس پر آصف زرداری نے کہا آپ کچھ دیر رکیں میں ہیلی کاپٹر میں واپس آتا ہوں۔ ایک اور صحافی نے سوال کیا کہ آپ کے خیال میں صدر پاکستان کون بنےگا  جس کے جواب میں آصف زرداری نے کہا کہ اعتراز احسن صدر پاکستان بنیں گے۔
سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وکیل آصف زرداری فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ کا معاملہ بینکنگ کورٹ کے دائرہ اختیار میں نہیں، ان کے موکل کے خلاف بےبنیاد چارج شیٹ تیار کی گئی ہے۔آصف زرداری پر دباؤ ڈالنے کے لیے ان کو اس کیس میں شامل کیا گیا جب کہ ایف آئی آر بھی بےبنیاد ہے اور آصف زرداری کو پھنسانے کے لیے دائر کی گئی۔ جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید، غنی مجید، حسین لوائی اور طحہ رضا گرفتار ہیں جبکہ آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور اور انور مجید کے 3 صاحبزادے عبوری ضمانت پر ہیں۔