ٹوئٹر کے بانی کا اکاؤنٹ ہیک ہوگیا

ٹوئٹر کے بانی کا اکاؤنٹ ہیک ہوگیا


(24 نیوز) سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے شریک بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جیک ڈورسی کا اکاؤنٹ ہیک ہوگیا جسے بحال کروا لیا گیا ۔

چیٹ ایپ ’ڈسکورڈ‘ کا ایک گروپ جو اپنے آپ کو ’چَکلنگ اسکواڈ‘ کہتا ہے، نے دعویٰ کیا تھا کہ جیک کا اکاؤنٹ اسی نے ہیک کیا ہے۔ ہیکرگروپ نے جیک ڈورسی کے اکاؤنٹس سے نامناسب ٹوئٹس شیئر کئے ۔ بعد ازاں ٹوئٹر نے اس بات کی تصدیق کی کہ انہوں نے اکاؤنٹ پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔

ٹوئٹر انتظامیہ نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’اکاؤنٹ اب محفوظ ہے اور اس بات کا کوئی اشارہ نہیں کہ ٹوئٹر کے سسٹمز سے سمجھوتہ کیا گیا ہے۔یہ بھی بتایا کہ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ہیکروں نے کس طرح جیک ڈورسی کے اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کی۔

ٹوئٹر ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ جیک ڈورسی کا اکاؤنٹ جمعے کی شام کو ہیک ہوگیا تھا جس کی تفتیش جاری ہے جبکہ ادارے کی جانب سے قابلِ اعتراض ٹوئٹس ڈیلیٹ کر دئیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ جیک ڈورسی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو 42 لاکھ سے زائد صارفین فالو کر رہے ہیں جبکہ وہ خود 4 ہزار سے زائد اکاؤنٹس کو فالو کرتے ہیں۔

Malik Sultan Awan

Content Writer