2017کا سورج تلخ اورحسین یادیں لئے غروب، شہریوں کی نئے سال پرتمنائیں اوردعائیں


پاکستان(24نیوز)کچھ حسین اورکچھ تلخ یادیں لئے سال 2017 کا سورج غروب ہوگیا، کرکٹ کے میدانوں سے بھی کئی اچھی خبریں آئیں، شوبز کا ستارہ بھی خوب جگمگایا، لوگ نئے سال میں دہشت گردی کے خاتمے اوردھرنوں سے نجات کی دعائیں کرتے رہے۔

تفصیلات کے مطابق سال نو کے آغاز پر دنیا بھر میں نیک تمناوں کا اظہار کیا گیا،اسلام آباد کے شہریوں نے بھی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ نیا سال خوشیوں بھرا ثابت ہو۔ جبکہ کچھ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہی دعا کرتے ہیں کہ نئے سال کے موقع پر ملک سے غربت، دھرنوں اور بد امنی کا خاتمہ ہو۔ ذاتی اختلافات اور تلخ واقعات کو بھلا کر اس بات کا عزم کریں کہ وطن عزیز کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔

کرکٹ کے میدانوں سے بھی کئی اچھی خبریں آئیں۔پی ایس ایل کا فائنل پاکستان میں ہوا۔ پاکستان نے آئی سی سی روایتی حریف بھارت کو شکست دے کرچیمپئنز ٹرافی بھی اپنے نام کی۔دنیا کے بہترین کھلاڑیوں پرمشتمل ورلڈ الیون اورسری لنکن ٹیم بھی پاکستان آئی۔۔پاکستان ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی نمبر 1 ٹیم بنا۔

دوسری جانب2017 میں شوبز کا ستارہ بھی خوب جگمگایا۔لالی وڈ فلموں نے باکس آفس پر خوب بزنس کیا۔پنجاب نہیں جاؤں گی،نا معلوم افراد 2،یلغار،ورنہ، اور بہت سی فلمز شائقین کی توجہ کا مرکز بنی رہیں۔