حکومت کاایک بار پھر آئی جی خیبر پختونخوا تبدیل کرنے کا فیصلہ

حکومت کاایک بار پھر آئی جی خیبر پختونخوا تبدیل کرنے کا فیصلہ


اسلام آباد(بابر شہزاد تُرک) وفاقی حکومت ایک بار پھر آئی جی پولیس خیبر پختونخوا تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا، ڈاکٹر محمد نعیم ڈیڑھ برس کے دوران تبدیل کئے جانے والے تیسرے آئی جی کے پی ہوں گے۔  

وفاقی حکومت نے ایک بار پھر آئی جی خیبر پختونخوا کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا، ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان خیبر پختونخواہ پولیس کی کارکردگی سے ناخوش ہیں،جس پر موجودہ آئی جی کے پی ڈاکٹر نعیم کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، آئی جی کے پی ڈاکٹر نعیم کو او ایس ڈی بنایا جاسکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نئے آئی جی خیبر پختونخوا کیلئے تین سینئر پولیس افسران محمد طاہر، ثنا اللہ عباسی اور محمد سلیمان کے نام وزیراعظم آفس کو بھجوا دیئے، منظوری کے بعد سمری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو واپس بھجوائی جائے گی اور وزیراعظم کی منظوری کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن باقائدہ نئے آئی جی کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔

موجودہ آئی جی کے پی ڈاکٹر نعیم کو محض 11ماہ کے پی میں تعینات رہنے کے بعد تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، رواں برس 9 فروری کو ڈاکٹر محمد نعیم نے آئی جی کے پی کا چارج سنبھالا تھا جبکہ ڈاکٹر نعیم کے پیشرو سابق آئی جی کے پی صلاح الدین خان کو بھی صرف 5 ماہ بعد تبدیل کر دیا گیا تھا۔

Malik Sultan Awan

Content Writer