پاکستان میں چاندگرہن دوپہر 3 بج کر51 منٹ پر شروع ہوگا

پاکستان میں چاندگرہن دوپہر 3 بج کر51 منٹ پر شروع ہوگا


اسلام آباد(24نیوز) آج پاکستان کے افق پر بھی سپر بلیو بلڈمون کا نظارہ ہوگا،سرخی مائل نارنجی چاند کے نظارے مختلف ملکوں میں دیکھے جاسکیں گے۔ پاکستان میں چاندگرہن دوپہر 3 بج کر51 منٹ پر شروع ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق آج شام طلوع ہونے والا چاند سُپر بلیو بلڈمون ہو گا اور اس سرخی مائل نارنجی چاند کے نظارے پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں دیکھے جاسکیں گے۔ مہینے میں 2 بار دکھائی دینے والا چودھویں کا چاند بلیو مون کہلاتا ہے اور ایسے میں چاند کو اگر مکمل گرہن لگ جائے تو اسے بلڈ مون بھی کہا جاتا ہے۔اس لحاظ سے 31 جنوری کو طلوع ہونے والا چاند سپر بلیو بلڈ مون ہوگا۔ جس کی روشنی سرخی مائل نارنجی ہوتی ہے۔ سپر بلیو بلڈ مون چودھویں کے عام چاند کے مقابلے میں 14 فیصد بڑا اور 30 فیصد زیادہ روشن ہوگا جسے پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں دیکھا جائے گا۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عبد الرشید کے مطابق پاکستان میں چاند گرہن دوپہر 3 بج کر 51 منٹ پر شروع ہوجائے گا۔ کراچی میں سپر بلیو بلڈ مون کا نظارہ 6 بج کر 12 منٹ جبکہ اسلام آباد میں 5 بج کر 32 منٹ سے کیا جاسکے گا۔ جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں مکمل چاند گرہن 5 بج کر 52 منٹ سے شروع ہو کر7 بج کر 8 منٹ پر ختم ہوگا ۔ پاکستان میں جب چاند طلوع ہوگا تو اس میں گرہن لگا ہوا ہوگا۔