برطانوی تاریخ میں پہلی بار باحجاب مسلمان لڑکی کی مقابلۂ حسن میں شمولیت


لندن (24نیوز) برطانیہ کی تاریخ میں پہلی بار باحجاب لڑکی نے مقابلہ حسن میں شمولیت اختیار کرکے نئی تاریخ رقم کر دی۔ اگرچہ مصر، ملائیشیا، بنگلہ دیش و تیونس جیسے مسلم ممالک میں بھی مقابلہ حسن کا انعقاد کیا جاتا ہے، تاہم وہاں بھی اس مقابلے میں باحجاب لڑکیوں کی شمولیت کم ہوتی ہے۔ انگلینڈ کے شہر برمنگھم کی نفسیات کی طالبہ 20 سالہ ماریہ محمود نے حجاب کے ساتھ مقابلہ حسن میں شمولیت کرکے سب کو حیران کردیا۔

کار ڈرائیور مسلمان باپ کی بیٹی ماریہ محمود مس انگلینڈ منتخب ہونے کے بعد مس ورلڈ کے مقابلے میں بھی حصہ لینے کی خواہش رکھتی ہیں۔ سماجی کاموں میں دلچسپی رکھنے والی ماریہ محمود کے مطابق وہ حجاب کے ساتھ مقابلہ حسن میں شامل ہوکر مسلمانوں کے بارے میں لوگوں کے خیالات کو بدلنا چاہتی ہیں۔ ماریہ محمود کے مطابق ان کے تین بھائی ہیں، جو بھرپور طریقے سے ان کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں، ساتھ ہی انہوں نے دیگر عام مسلمان خاندانوں کی جانب سے حوصلہ افزائی پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

یہ بھی پڑھئے:موٹر سائیکل گرل نے نمودار ہونے سے پہلے ہی دھوم مچا دی
خیال رہے کہ مس انگلینڈ کے فائنل کا مقابلہ رواں برس جولائی میں ہوگا، اگر ماریہ محمود مقابلے کی فاتح بنتی ہیں تو وہ ’مس انگلینڈ‘ منتخب ہونے والی دوسری مسلمان لڑکی ہوں گی۔ اس سے قبل 2005میں 18 سالہ حمصہ کوہستانی پہلی مسلمان مس انگلینڈ منتخب ہوئی تھیں، تاہم انہوں نے مقابلے میں حجاب کے بغیر حصہ لیا تھا۔

ماریہ محمود مس انگلینڈ کے مقابلے میں شامل ہونے سے قبل ’مس برمنگھم‘ منتخب ہوچکی ہیں، جب کہ وہ ریاستی مقابلے کے سیمی فائنل میں بھی پہنچ چکی ہے۔ برطانوی اخبار ’دی مرر‘ سے بات کرتے ہوئے ماریہ محمود کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کو زیادہ تر دہشت گردی جیسی منفی چیزوں سے جوڑا جاتا ہے، اس لئے انہوں نے اس تاثر کو تبدیل کرنے کے لیے اس مقابلے میں حصہ لیا۔

اظہر تھراج

صحافی اور کالم نگار ہیں،مختلف اخبارات ،ٹی وی چینلز میں کام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں