وزیرِریلوے کا فیصلہ خزانے پر بوجھ بن گیا

وزیرِریلوے کا فیصلہ خزانے پر بوجھ بن گیا


(24نیوز) جناح ایکسپریس عوام کو نہ بھائی ،ٹکٹیں مہنگی ہونے کی وجہ سے ٹرین کی آدھی سیٹیں بھی پُر نہ ہوئیں۔ ریلوے انتظامیہ نے جناح ایکسپریس کوکامیاب بنانے کیلئےگرین لائن کاکرایہ بھی بڑھادیا.

لاہور ریلوے سٹیشن سے پہلی نان سٹاپ ٹرین جناح ایکسپریس کراچی کیلئے روانہ، بھرپور سہولیات اور زبردست تشہیری مہم کے باوجود پہلے سفر میں لاہور سے صرف 233مسافر  جبکہ کراچی سے لاہور آنے والی ٹرین میں 294 مسافروں نے ہی سفر کرنا پسند کیا، مہنگے ٹکٹ کے سبب مسافروں نے وی آئی پی ٹرین میں دلچسپی ظاہر ہی نہیں کی ۔

دوسری جانب ریلوے انتظامیہ نے جناح ایکسپریس کو کامیاب بنانے کے لیے گرین لائن کا کرایہ بھی بڑھا دیا. گرین لائن کا کرایہ 5450 روپے سے بڑھا کر 65 سو کرنے کا اعلان کر دیا۔ ذرائع کے مطابق راولپنڈی سے کراچی کا کرایہ 5900 روپے سے بڑھا کر 7ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، بچوں کا لاہور سے کرایہ41 سو روپے سے بڑھا کر57سو روپے جبکہ راولپنڈی سے بچوں کا کرایہ44سو روپے سے بڑھا کر52سو روپے کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

ریلوے انتظامیہ نے گرین لائن کی 15 اپریل کے بعد کی ریزرویشن روک دی، گرین لائن ٹرین کے کرائے میں اضافے کا اطلاق 15 اپریل سے ہو گا، جس کے بعد ٹکٹوں کی فروخت کی جائے گی.

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔