پاک ویسٹ انڈیز میچ دیکھنے کیلئے شائقین کرکٹ نیشنل سٹیڈیم پہنچنا شروع

پاک ویسٹ انڈیز میچ دیکھنے کیلئے شائقین کرکٹ نیشنل سٹیڈیم پہنچنا شروع


کراچی(24نیوز) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین میچ شروع ہونے کو کچھ دیر باقی ہے، شائقین میچ دیکھنے کیلئے پہنچنا شروع ہوگئے۔ شٹل سروس کا بھی آغاز کردیا گیا۔

کراچی والوں کا کرکٹ جنون عروج پر پہنچ گیا رات کو نائٹ میچ کھیلا اور صبح سویرے گرما گرم ناشتہ کرنے بیٹ بال کے ساتھ ہی چلے آئے، ناشتہ کرتے ہوئے کرکٹ کی بحالی پرخوش بھی نظر آئے۔

نوجوان پرجوش ہیں کہ کرکٹ کی بحالی سے دنیا میں پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر ہوگا۔ننھے بچے بھی کرکٹ جنون میں ڈوبے ہیں، کرکٹ کے یہ جنونی پر امید ہیں کہ اب تمام ٹیمیں پاکستان آئیں گی۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ آج نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ جہاں شہریوں نے اپنی تیاریاں مکمل کرلی ہیں وہاں سیکورٹی ادارے بھی میچ کو فل پروف بنانے اور شائقین کرکٹ کو سہولت دینے کے لیے تیار ہوگئے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھیں: انتظار کی گھڑیاں ختم، مہمان ویسٹ انڈیز کی ٹیم کراچی پہنچ گئی

میچ کے لئے شہریوں کو کسی بھی زحمت سے بچانے کے لئے کراچی انتظامیہ بھی تیار ہے، ٹریفک پولیس نے میچ کے لئے ٹریفک پلان بھی جاری کردیا۔ پلان کے تحت میچ کا ٹکٹ حاصل کرنے والے شہریوں کو پارکنگ کی سہولت حاصل ہوگی، شائقین کے لئے سات مقامات پر پارکنگ کا انتظام کیا جائے گا ۔

یونیورسٹی روڈ پر تین، ڈالمیا روڈ پر ایک اور کشمیر روڈ پر تین پارکنگ لاٹس ہوں گے، یونیورسٹی روڈ پر حکیم سعید، اردو یونیورسٹی اور اتوار بازار گراونڈ شامل میں پارکنگ لاٹس بنائے جائیں گے، ڈالمیا روڈ پر غریب نواز فٹبال گراونڈ میں پارکنگ کی جاسکے گی، کشمیر روڈ پر کے ایم سی، کے ڈی اے اور چائنہ گراونڈ میں پارکنگ انتظام ہوگا ۔ شہریوں کو بذریعہ شٹل سروس سٹیڈیم تک پہنچایا جائے گا۔

اہم خبر: امریکہ میں کرکٹ کی بحالی کیلئے نجم سیٹھی کوشاں

سیریز کے لئے ٹریفک پلان بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق شارع فیصل پر کارساز سے نیشنل اسٹیڈیم جانے والی سڑک عام ٹریفک کے لیے بند ہوگی، شہری ڈرگ روڈ سے راشد منہاس روڈ کا راستہ اختیار کرسکتے ہیں۔ ملینیم مال سے اسٹیڈیم کی جانب جانے والے ڈالمیا روڈ بھی عام ٹریفک کے لئے بند ہوگا، نیپا چورنگی سے پیپلز سیکریٹریٹ چورنگی تک یونیورسٹی روڈ کو بند رکھا جائے گا۔

لیاقت آباد دس نمبر سے نیشنل اسٹیڈیم کی جانب جانے والا روڈ بھی ٹریفک کے لئے بند ہوگا، یہاں سے گزرنے والی ٹریفک کو کریم آباد اور عائشہ منزل چورنگی کی جانب بھیجا جائے گا۔ سہراب گوٹھ سے نیپا، لیاقت آبادنمبر10 حسن اسکوائر ہیوی ٹریفک مکمل ممنوع ہوگی۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں سے درخؤاست کی ہے وہ اپنی سواری کسی سروس یا مین روڈ پر کھڑی نہ کریں، کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کیا جائے۔

نیشنل اسٹیڈیم کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ سکیورٹی کو پانچ حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ سٹیڈیم کے باہر کا علاقہ سکیورٹی پولیس کے پاس ہوگی اور ایئرپورٹ سے لے کر شارع فیصل اور سٹیڈیم کے آس پاس  کا علاقہ میں ہزاروں اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل فائنل کے بعد کراچی میں آنے والی ہےکرکٹ کی کالی آندھی

ڈی آئی جی ایسٹ ذوالفقار لاڑک کے مطابق کرکٹ ٹیمز اور آئی سی سی کے سیکیورٹی آفیشل کو اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ حاصل ہوگا۔ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پولیس کمانڈو اور آر آر ایف تعینات کی جائے گی جب کہ کسی بھی امن و امان کی صورتحال کنٹرول کرنے کے لئے اینٹی رائٹ فورس ریزرو کے طور پر رکھی گئی ہے۔ جبکہ سی سی ٹی وی کیمرا اور ہائی ریزولوشن کیمروں کی مدد سے نگرانی کی جائے گی۔

 سٹیڈیم میں شائقین کرکٹ 3 سے 7 بجے تک اندر داخل ہوسکتے ہیں، تماشائیوں کو گراونڈ میں داخل ہونے کے لیے ٹکٹ اور اصل شناختی کارڈ کی کاپی ساتھ لانا ہوگی، شائقین کو موبائل فون سٹیڈیم کے اندر لے جانے کی اجازت ہوگی۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی  ٹیم 12 سال بعد پاکستان کے دورے پر آئی ہے۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

مزید دیکھیں: