کپتان کا دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے جوانوں کو خراج تحسین


اسلام آباد (24نیوز) چیئرمین تحریک انصاف نے ایگریکلچر ٹریننگ انسٹیٹیوٹ پشاور میں دہشت گردی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، عمران خان نے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے فوری جوابی کارروائی میں حصہ لینے والے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ 

تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ بڑے نقصان سے محفوظ رکھنے پر اللّٰه رب العزت کا شکر ہے، مبارک دن کے آغاز میں خون کی ہولی کھیلنے والے انسانیت اور اسلام دونوں کے دشمن ہیں، رحمة العالمین کی ولادت کے باسعادت دن سفاکیت کا منصوبہ بنانے والے حقیقی دشمن ہیں، آپریشن میں حصہ لینے والے ریپیڈ ریسپانس یونٹ کے جوان زبردست تحسین کے مستحق ہیں.

انہوں نے کہا کہ پختونخوا میں پولیس کی پیشہ وارانہ بنیادوں پر تشکیل نو بارآور ثابت ہو رہی ہے، انتہائی خطرناک حملے کو مکنہ طور پر کم از کم وقت میں ناکام بنانا باعث اطمینان ہے, بڑے جانی نقصان سے بچانا اور دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملانا پیشہ وارانہ مہارت کا نتیجہ ہے, پولیس کی اصلاح کے بعد پختونخوا کو شرانگیزی کا نشانہ بنانا آسان نہیں، واقعے کے حقیقی ذمہ داروں تک رسائی کیلئے جامع تحقیقات کی جائیں، شہداء کے لواحقین سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، صوبائی حکومت زخمیوں کیلئے علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے, حملے کانشانہ بننے والوں کی جلد اور مکمل شفایابی کیلئے دعا گوہیں۔